والدین کے خواب پورے کرنے والے طلبہ انعام کے مستحق ہیں، مریم نواز

والدین کے خواب پورے کرنے والے طلبہ انعام کے مستحق ہیں، مریم نواز

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ والدین کے خوابوں کو تعبیر دینے اور اپنی محنت سے کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ انعام کے مستحق ہیں، حکومت ہونہار نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

جہلم میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ ہونہار طلبہ کو ان کی محنت کا صلہ دینے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے آئی ہیں۔ طلبہ نے اپنی محنت، لگن اور قابلیت سے یہ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور وہ انعامات کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے والے نوجوان نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے ملک کا فخر ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ باصلاحیت طلبہ کو مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم جاری رکھنے میں رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

طلبہ کو ای سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی

وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ طلبہ کو لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف کی فراہمی کے ساتھ ای سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق سہولیات میسر آسکیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں طلبہ کو ایک لاکھ سے زائد اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو تعلیمی اداروں تک آمدورفت میں سہولت دینا اور ان کے لیے تعلیم کے حصول کو مزید آسان بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، بہتر سفری سہولیات اور تعلیمی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہونہار طلبہ کی سرپرستی جاری رکھی جائے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔