ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کے لیے کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نوبیل امن انعام کے حقدار ہیں۔اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری سے سینئر ڈائریکٹر امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔ اس ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان اور امریکی ناظم الامور نتالی بیکر بھی شریک تھیں۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور تجارتی و سفارتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کردار ناقابل فراموش ہے اور ان کی امن کی کوششیں بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی جانی چاہئیں۔انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدوں کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ تجارتی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، کیونکہ یہ معاہدے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا باب کھول سکتے ہیں۔