راولپنڈی ٹیسٹ: سعود شکیل سنچری کے قریب، پاکستان کے 390 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ

راولپنڈی ٹیسٹ: سعود شکیل سنچری کے قریب، پاکستان کے 390 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ

راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 390 رنز بنا لیے ہیں۔

 سعود شکیل 91 اور عرفات منہاس 27 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔دوسرے روز کھیل کے آغاز پر سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نوجوان بیٹر غازی غوری کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 96 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ غازی غوری اپنی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کرنے سے صرف دو رنز کی دوری پر رہ گئے اور 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 349 رنز تھا۔سعود شکیل نے ایک مرتبہ پھر محتاط اور ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا اور اپنی سنچری کے قریب پہنچ گئے، جبکہ عرفات منہاس ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان نے ابتدائی روز محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 51 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ اذان اویس نے 30 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔سری لنکن بولرز نے ابتدائی وکٹیں حاصل کرکے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں بابر اعظم نے 50 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا، تاہم وہ نصف سنچری مکمل کرنے کے فوراً بعد دلشان مدوشنکا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ڈیبیو کرنے والے محمد طحہٰ نے بھی مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز بنائے، لیکن وہ سونل دینوشا کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ دوسری جانب سلمان آغا بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور اسیتھا فرنینڈو نے انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔

سعود شکیل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ
ابتدائی وکٹیں گرنے کے باوجود سعود شکیل نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے پہلے روز بھی وکٹ پر قیام برقرار رکھا اور دوسرے روز غازی غوری کے ساتھ اہم شراکت قائم کرکے پاکستان کا اسکور 390 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔