ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کی واپسی کا قوی امکان

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کی واپسی کا قوی امکان

ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ سے قبل قومی ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 کپتان شان مسعود کمر کی شدید تکلیف کے باعث نہ صرف سیریز بلکہ انگلینڈ کے دورے سے بھی باہر ہو چکے ہیں، جس کے بعد عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کے تربیتی سیشن میں بھرپور حصہ لیا، جبکہ اویس ظفر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ تاہم اہم میچ میں ٹیم انتظامیہ کی جانب سے تجربہ کار بیٹرز کو ترجیح دیے جانے کا امکان زیادہ ہے۔ذرائع کے مطابق بیٹنگ لائن اپ میں بھی تبدیلیوں پر غور جاری ہے۔ ایک ممکنہ پلان کے تحت عبداللہ شفیق کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرائی جا سکتی ہے، جبکہ بابر اعظم اپنی پسندیدہ چوتھی پوزیشن پر کھیلیں گے۔ اس کے علاوہ سات ماہر بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا آپشن بھی زیر غور ہے، جس سے سعود شکیل کی پلیئنگ الیون میں واپسی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔بولنگ لائن میں بھی رد و بدل متوقع ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی رفتار ویسٹ انڈیز کے پیسرز کے مقابلے میں کم رہی، جس کے باعث نوجوان تیز رفتار بولر عبید شاہ کو ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔اگر دوسرے ٹیسٹ کی پچ بھی فاسٹ بولرز کے لیے سازگار ثابت ہوئی تو پاکستان ایک اسپنر کم کر کے اضافی بیٹر یا ایک اور فاسٹ بولر شامل کرنے کی حکمت عملی اپنا سکتا ہے۔قومی ٹیم کی حتمی پلیئنگ الیون کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا، تاہم دستیاب اطلاعات کے مطابق ٹیم انتظامیہ بہترین کمبی نیشن کے انتخاب پر غور کر رہی ہے۔