راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ آخری روز سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا، جہاں سری لنکن بولرز نے دن کے آغاز میں ہی دو وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو دباؤ میں ڈال دیا، تاہم کپتان بابر اعظم اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی برتری 69 رنز تک پہنچا دی۔
میچ کے آخری روز لاہیرو کمارا نے پہلی ہی گیند پر اذان اویس کو 22 رنز پر آؤٹ کرکے سری لنکا کو اہم کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں محمد طحہٰ 24 رنز بنا کر اسیتھا فرنانڈو کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی دو اوورز میں دو وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں سنسنی بڑھ گئی اور جلد مزید وکٹیں گرنے کی صورت میں نتیجہ سامنے آنے کے امکانات پیدا ہوگئے۔دوسری جانب کپتان بابر اعظم اور سعود شکیل نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور پاکستانی اننگز کو سنبھالا دیا۔اس سے قبل گزشتہ روز خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا تھا، جس کے نتیجے میں دو سیشنز بھی مکمل نہ ہوسکے۔ٹیسٹ کے چوتھے روز ثاقب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو بڑی برتری حاصل کرنے سے روک دیا تھا۔ سری لنکا نے 404 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں دھننجیا ڈی سلوا اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ثاقب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 167 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
دھننجیا ڈی سلوا نے کپتان کوشال مینڈس کے ساتھ مل کر 249 رنز کی اہم شراکت قائم کی تھی، جس کے باعث پاکستان ٹیم کی میچ پر گرفت کمزور ہوگئی تھی۔ تیسرے روز کے اختتام پر 117 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہنے والے کوشال مینڈس بھی چوتھے روز صرف دو رنز کا اضافہ کرکے ثاقب خان کا شکار بن گئے۔ثاقب خان نے اس کے بعد سونل دینوشا کو 20، لاہیرو کمارا کو صفر اور اسیتھا فرنانڈو کو 4 رنز پر آؤٹ کرکے سری لنکن بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ اس طرح انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو کی ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا اور یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔ ان سے قبل محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
سری لنکن ٹیم اپنی اننگز میں گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 42 رنز کا اضافہ کرسکی اور اس دوران اس کی مزید 6 وکٹیں گر گئیں، تاہم مہمان ٹیم کو 12 رنز کی برتری حاصل رہی۔ ثاقب خان نے 7، محمد عباس نے 2 جبکہ رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔ پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے 93، طیب عارف نے 57، عرفات منہاس نے 52، محمد طحہٰ نے 51 اور کپتان بابر اعظم نے 50 رنز بنائے تھے۔