پیرس: فرانس نے ملک بھر میں سپر مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے ریفریجریشن سسٹمز کو سائبر حملوں کے ذریعے ناکارہ بنانے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہوئے جوابی اقدامات کا اعلان کردیا ہے۔
فرانسیسی حکومت کے مطابق ان حملوں کے پیچھے ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی سائبر یونٹ ملوث تھی، جس نے متعدد کاروباری مراکز کے فریج اور فریزرز کے درجہ حرارت کو متاثر کرکے مالی نقصان پہنچایا۔فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے پیرس میں جی سیون وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی حکام کی تحقیقات میں ان سائبر حملوں کے پیچھے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔فرانسیسی وزیر خارجہ نے ان حملوں کو غیر معمولی پیمانے اور جارحیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فرانسیسی سرزمین پر تخریب کاری کے مقصد سے کیا جانے والا اپنی نوعیت کا پہلا بڑا سائبر حملہ ہے۔ ان کے مطابق فرانس اس کارروائی کو نظرانداز نہیں کرے گا اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق 11 اور 12 اکتوبر کو ہونے والے سائبر حملوں میں فرانس کے تقریباً 700 سپر مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ ہیکرز نے ریفریجریشن سسٹمز تک دور سے رسائی حاصل کرکے فریج اور فریزرز کا درجہ حرارت بڑھا دیا، بعض مقامات پر درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس کے باعث بڑی مقدار میں تازہ اور منجمد اشیائے خورونوش خراب ہوگئیں۔
حملوں کے نتیجے میں بعض مقامات پر ریفریجریشن آلات میں آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے، جبکہ متاثرہ کاروباری اداروں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ فرانسیسی حکام کے مطابق ایک بڑی سپر مارکیٹ چین کو صرف ایک روز میں کروڑوں یورو کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ فرانسیسی پراسیکیوٹر کے دفتر نے بھی سائبر حملوں کی تحقیقات شروع کرنے کی تصدیق کی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں شاہد کاویہ (Shahid Kaveh) نامی ایرانی سائبر گروپ کو حملوں سے منسلک کیا گیا ہے، جسے پاسدارانِ انقلاب کے الیکٹرانک اور سائبر سینٹر سے وابستہ قرار دیا گیا ہے۔تحقیقاتی حکام کے مطابق حملوں کے دوران فارسی زبان کا استعمال اور ایران سے منسلک انٹرنیٹ پروٹوکول (آئی پی) ایڈریسز ملنے سمیت متعدد شواہد سامنے آئے ہیں۔ پیرس پراسیکیوٹر کے دفتر نے مبینہ سائبر یونٹ کے سربراہ، اس کے دو نائبین اور دیگر ممکنہ ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا ہے، جبکہ ان کے خلاف بین الاقوامی گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
فرانسیسی حکومت نے اس معاملے پر ایرانی سفیر کو بھی طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو کے مطابق فرانس یورپی یونین کے شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر سائبر حملوں میں ملوث ایرانی اداروں اور افراد پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کرے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ فرانس ضرورت پڑنے پر مزید سرکاری اور غیر اعلانیہ اقدامات بھی کرسکتا ہے، جبکہ یورپی سطح پر مشترکہ ردعمل کے لیے دیگر ممالک سے مشاورت جاری ہے۔