واشنگٹن: امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد کانگریس میں پیش کردی گئی، جس پر بدھ کو ایوان نمائندگان میں ووٹنگ ہوگی۔
قرارداد میں وزیر جنگ پر جنگی اختیارات کی خلاف ورزی اور ایران کے ساتھ فوجی محاذ آرائی سے متعلق اقدامات پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے مواخذے کی قرارداد پیش کی اور ایوان نمائندگان میں اس کے حق میں اپنے الزامات بھی پڑھ کر سنائے۔ تھامس میسی کا مؤقف ہے کہ وزیر جنگ نے اپنے اختیارات کے استعمال میں قانونی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔دوسری جانب ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے بھی امریکی وزیر جنگ کے مواخذے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد اس معاملے نے امریکی سیاسی حلقوں میں مزید اہمیت اختیار کرلی ہے۔
ادھر پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی قرارداد پر اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے آج پینٹاگون میں پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس پریس کانفرنس میں مواخذے کی کارروائی اور اس سے متعلق الزامات پر تفصیلی بات کریں گے۔وزیر جنگ نے واضح کیا ہے کہ انہیں اس کارروائی میں ریپبلکن ارکان کی مخالفت یا سیاسی حمایت کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں اور وہ اپنے اقدامات کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ایران کے خلاف کارروائی کا دفاع
امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کے ساتھ جاری محاذ آرائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی غیر مقبول ضرور تھی، لیکن حالات کے پیش نظر یہ ضروری اقدام تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی نہ کسی کو ایرانی حکومت کا سامنا کرنا ہی تھا۔پیٹ ہیگسیتھ نے مزید کہا کہ امریکی عوام جنگ میں فتح سے کم کوئی نتیجہ قبول نہیں کریں گے اور ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ صدر ٹرمپ کے فیصلوں کا مثبت انداز میں جائزہ لے گی۔
مواخذے کی ووٹنگ اہمیت اختیار کرگئی
امریکی کانگریس میں مواخذے کی قرارداد پر بدھ کو ہونے والی ووٹنگ کو پیٹ ہیگسیتھ کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کارروائی کے ذریعے امریکی قانون سازوں کے درمیان ایران پالیسی اور جنگی اختیارات کے استعمال پر اختلافات بھی سامنے آگئے ہیں۔