ٹرمپ کے وزیر دفاع کے مواخذے کا امکان، ہیگسیتھ کا عہدہ چھوڑنے سے انکار

ٹرمپ کے وزیر دفاع کے مواخذے کا امکان، ہیگسیتھ کا عہدہ چھوڑنے سے انکار

واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کانگریس میں اپنے خلاف مواخذے کی کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کا دفاع کیا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ ایک جرات مندانہ اور تاریخی اقدام تھا اور وہ پینٹاگون میں رہتے ہوئے اپنے مخالفین کی کوششوں کا سامنا کریں گے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اپنے عہدے پر موجود رہ کر ان کے خلاف ہونے والی کوششوں کا مقابلہ کریں گے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کانگریس میں ان کے ناقدین کی جانب سے تنقید اور مواخذے کے مطالبات میں شدت آ رہی ہے۔امریکی وزیر دفاع نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو انتظامیہ کا ایک اہم اور تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے اس کا دفاع کیا۔ تاہم ایران جنگ امریکی سیاست میں بھی ایک بڑا تنازع بن چکی ہے اور اس کے اثرات ری پبلکن جماعت کی سیاسی پوزیشن پر بھی پڑنے کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیٹ ہیگسیتھ کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق سوالات مسترد کرتے ہوئے اپنے وزیر دفاع کی حمایت کی ہے۔ اس کے برعکس ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کے سربراہ حکیم جیفریز نے سوشل میڈیا پر سوال اٹھایا کہ پیٹ ہیگسیتھ اب تک اپنے عہدے پر کیوں برقرار ہیں۔

سابق فاکس نیوز میزبان پیٹ ہیگسیتھ امریکی سیاست میں ایک متنازع شخصیت سمجھے جاتے ہیں اور انہیں اپنی ہی ری پبلکن جماعت کے بعض ارکان کی مخالفت کا سامنا ہے۔ کانگریس میں ان کے ناقدین ایران جنگ سے نمٹنے کے طریقۂ کار، اعلیٰ فوجی افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹانے اور قانون سازوں کے ساتھ کشیدہ تعلقات پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی یہ مؤقف ظاہر کر چکے ہیں کہ ایران جنگ کے باعث ری پبلکنز کو کانگریس کا کنٹرول کھونے کا سامنا کرنا پڑا۔ اس معاملے نے پارٹی کے اندر بھی جنگ کے سیاسی اثرات اور حکمت عملی پر بحث کو جنم دیا ہے۔

ادھر ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے دفاعی اخراجات کے لیے 1.5 ٹریلین ڈالر کے پیکج کی کوششوں کے دوران بھی ہیگسیتھ اور کانگریس کے بعض ارکان کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں۔ قانون سازوں کے ساتھ ان کے تعلقات اور دفاعی پالیسیوں پر اختلافات بھی ان کے خلاف تنقید کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔