واشنگٹن: امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد ایوان نمائندگان میں مطلوبہ حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہی، تاہم ایوان نے اسے مزید کارروائی کے لیے عدالتی کمیٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کو عدالتی کمیٹی بھیجنے کے حق میں 211 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 204 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ اس طرح قرارداد کو کمیٹی کے حوالے کرنے کی منظوری مل گئی، تاہم اسے مواخذے کی باقاعدہ منظوری قرار نہیں دیا جا سکتا۔ووٹنگ کے دوران ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی اور ڈیموکریٹس نے قرارداد کو کمیٹی کے سپرد کرنے کی مخالفت کی، لیکن ایوان میں اکثریتی ووٹ حاصل ہونے کے بعد اسے مزید غور کے لیے عدالتی کمیٹی بھیج دیا گیا۔
مواخذے کی قرارداد پر پیشرفت کے امکانات کم
امریکی ایوان نمائندگان میں ری پبلکن پارٹی کی اکثریت کے باعث سیاسی مبصرین کی جانب سے کمیٹی میں قرارداد پر مزید پیشرفت کے امکانات کم قرار دیے جا رہے ہیں۔ تاہم کمیٹی میں اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی جماعت ری پبلکن پارٹی کے رکن کانگریس تھامس میسی نے پیش کی تھی۔ قرارداد میں امریکی وزیر جنگ پر 8 الزامات عائد کیے گئے تھے، جن کی بنیاد پر ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی گئی۔
ٹرمپ کی پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مواخذے کی اس کوشش کو ڈیموکریٹس کی بری طرح ناکام مہم قرار دیتے ہوئے اپنے وزیر جنگ کی حمایت کا اعلان کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تھامس میسی کے علاوہ تمام ری پبلکن ارکان نے پیٹ ہیگسیتھ کے حق میں ووٹ دیا۔صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی واضح کر چکے تھے کہ اگر پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی آگے بڑھتی ہے تو وہ اپنے وزیر جنگ کا ساتھ دیں گے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی کوشش کو تماشا قرار دے دیا
دوسری جانب امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے خلاف مواخذے کی قرارداد کو محض تماشا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کوشش سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ان کا مؤقف تھا کہ مواخذے کی یہ کوشش دراصل امریکی فوج کے تمام اہلکاروں کے خلاف سازش ہے، جبکہ فوجی آپریشن قانونی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ امریکی تاریخ میں فوجی آپریشن کے دوران کسی وزیر جنگ کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا۔