لاہور: رشتے کے تنازعے پر خونی تصادم، چچا اور بھتیجا قتل، 5 ملزمان گرفتار

لاہور: رشتے کے تنازعے پر خونی تصادم، چچا اور بھتیجا قتل، 5 ملزمان گرفتار

لاہور میں رشتہ نہ دینے کے تنازعے پر دو افراد کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں خاندانی جھگڑا شدت اختیار کرنے کے بعد خونی تصادم میں تبدیل ہوگیا۔

 فائرنگ کے مختلف واقعات میں چچا اور بھتیجا جاں بحق ہوگئے، جبکہ پولیس نے دونوں فریقین کے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ واقعے کا مقدمہ قتل، اعانت اور مشترکہ نیت کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق سرور نے اپنے بیٹے اللہ دتہ کے لیے اپنے بھائی سعید سے رشتہ مانگا تھا، تاہم رشتہ دینے سے انکار پر دونوں خاندانوں کے درمیان تنازع پیدا ہوگیا۔ 6 اکتوبر کو رشتہ دینے سے انکار کے بعد سعید نے اپنے بھائی سرور اور بھابھی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق رشتہ نہ دینے کے تنازعے پر اللہ دتہ نے اپنے چچا سعید کو قتل کردیا۔

 واقعے کے بعد مقتول سعید کے اہلخانہ موقع پر پہنچ گئے اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اللہ دتہ بھی جاں بحق ہوگیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سعید کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ اللہ دتہ کے قتل میں ملوث دو خواتین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔