سندر کے علاقے میں نوجوان لڑکی عائشہ حبیبہ کے قتل کے ملزم اکرام کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹیگیشن سید ذیشان رضا نے اس قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر معظم علی کی سربراہی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی تھی۔ اس ٹیم نے تفتیش کے دوران ملزم کی شناخت کی اور پھر تھانہ سندر کے انسپکٹر پاشا عمران کی قیادت میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اکرام کو گرفتار کر لیا۔ملزم اکرام مقتولہ عائشہ حبیبہ کا بہنوئی ہے، اور اس نے رشتہ کے تنازعہ کے باعث فائرنگ کر کے عائشہ کو قتل کر دیا تھا۔
ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا، تاہم جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ڈی آئی جی انویسٹیگیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان تیار کیا جائے گا اور ملزم کو جلد سے جلد قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔پولیس ٹیم کی اس کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی انویسٹیگیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔