لاہور: ڈانس پارٹی کے تنازعے پر نجی کالج مالک کے بیٹے کا قتل، نئے انکشافات سامنے آگئے

لاہور: ڈانس پارٹی کے تنازعے پر نجی کالج مالک کے بیٹے کا قتل، نئے انکشافات سامنے آگئے

ہیئر کے علاقے میں نجی کالجز کے مالک میاں عادل رشید کے بیٹے احمد جاوید کے قتل کے واقعے نے نئے انکشافات کو جنم دیا ہے۔

پولیس تفتیش اور ذرائع کے مطابق یہ قتل گزشتہ ہفتے ڈیفنس فیز 9 میں ہونے والی ایک ڈانس پارٹی میں پیدا ہونے والے تنازعے کا نتیجہ تھا۔

واقعے کی تفصیل
ذرائع کے مطابق پارٹی کے دوران مقتول احمد جاوید کا اپنے دوستوں ملزمان ابوبکر اور عبدالستار کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔ جھگڑے کی وجہ ایک لڑکی سے دوستی کا معاملہ بتایا جا رہا ہے، جس پر فریقین کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔پولیس کے مطابق گزشتہ رات ڈیفنس فیز 9 میں ایک اور پارٹی منعقد کی گئی تھی، جس میں مقتول، ملزمان اور ان کے مشترکہ دوست بھی شریک تھے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پارٹی کے میزبان نے صلح کروانے کے ارادے سے دونوں گروہوں کو بلایا تھا، تاہم وہاں دوبارہ تنازعہ بھڑک اٹھا جو بالآخر فائرنگ پر منتج ہوا۔

فائرنگ کا واقعہ
فائرنگ کے نتیجے میں احمد جاوید موقع پر جاں بحق ہو گیا، جب کہ اس کا ڈرائیور سہراب زخمی ہوا۔ فائرنگ کے فوراً بعد زخمی ڈرائیور نے احمد جاوید کے اہلخانہ کو اطلاع دی۔

پولیس کی کارروائی
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تین خواتین سمیت چار افراد کو حراست میں لے کر بیانات قلمبند کر لیے۔مقتول کے والد میاں عادل رشید کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزمان ابوبکر اور عبدالستار سمیت دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔