سانگھڑ کے علاقے شہدادپور میں دو خواجہ سراؤں کے درمیان معمولی تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شدت اختیار کرگیا، جس کے نتیجے میں چھری کے وار سے ایک خواجہ سرا جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی۔
پولیس کے مطابق دونوں خواجہ سراؤں کے درمیان کسی معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔ اس دوران ایک خواجہ سرا نے دوسرے پر چھری سے وار کردیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مقتول کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کی تلاش جاری ہے، جبکہ جھگڑے کی وجوہات اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔