لاہور کے ریس کورس تھانے کی حدود میں واقع بستی سیدن شاہ میں دو خواجہ سراؤں پر مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک خواجہ سرا کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ دوسرے کے چہرے اور جسم پر تشدد کے نشانات آئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں خواجہ سراؤں کو رات گئے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔متاثرہ خواجہ سراؤں کا الزام ہے کہ نشے میں دھت مسلح افراد نے ان پر حملہ کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں خوفزدہ کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔متاثرین کے مطابق زبیر عرف زینو نے اپنے پانچ ساتھیوں کے ہمراہ انہیں جان سے مارنے کی نیت سے حملہ کیا، جس کے باعث دونوں شدید زخمی ہوئے۔خواجہ سراؤں کا کہنا ہے کہ واقعے کی درخواست دینے کے باوجود ریس کورس پولیس کی جانب سے تاحال مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔دوسری جانب اس معاملے پر پولیس کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔ پولیس کا مؤقف موصول ہونے پر خبر کو اس کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔