بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کاررائیاں قابل تحسین ہیں، سینیٹر ثمینہ

 اسلام آباد/کو ئٹہ(آ ئی این پی ) چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کے مختلف علاقوں مستونگ، زیارت اور پنجپائی اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران اہم کمانڈر سمیت 30 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت، مؤثر اور جرات مندانہ کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع، امن و استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہماری بہادر افواج اور سیکیورٹی ادارے ہر محاذ پر پوری قوت کے ساتھ سرگرمِ عمل ہیں۔دشمن چاہے سرحد پار سے ہوں یا اندرونی عناصر بہادر افواج اور سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ وطن اور اس میں رہنے والے عوام کی حفاظت اپنے خون اور جانوں کے نذرانے دے کر کی ہے جس کے لئے پوری قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں