شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی ،عبدالعلیم خان کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد(آئی این پی )صدراستحکام پاکستان پارٹی  اور وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا  ہے۔اپنے ایک بیان  میں  وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں اور کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں،پاک فوج نے ایک بارپھر دہشت گردوں کے مکروہ عزائم ناکام بنا دئیے۔ وفاقی وزیر نے کہاوطن کے دفاع اور امن کے قیام کیلئے پاک فوج کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔عبدالعلیم خان کاکہناتھا پاکستان کوسرحدوں پردہشت گردی کے دوطرفہ چیلنجز درپیش ہیں،تاہم پاک فورسز وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہمہ وقت سینہ سپر ہیں،دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں امن دشمن عناصر کیلئے واضح پیغام ہیں،پاک فوج کے بہادرجوان ملک کے امن وسلامتی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں،قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔