سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آپریشن، 7 خوارج ہلاک،2زخمی ‘صدر ،وزیر اعظم اور وزیر اعلی بلوچستان کا دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراجِ تحسین

سکیورٹی فورسز  امن اور سلامتی کے دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گی(آرمی چیف)

پاک فوج دہشتگردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، دہشت گرد وں کے ناپاک ارادوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ،شہداء کی  قربانیاں قومی عزم کی بنیاد ہیں:جنرل سید عاصم منیر  کی دورہ پشاور کے موقع پر گفتگو

راولپنڈی‘اسلام آباد (آئی این پی ‘مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے  پاک فوج دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ، دہشت گرد عناصر اور ان کے ناپاک ارادوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور سلامتی کے دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 19 نومبر کی ایپکس کمیٹی اجلاس کے فالواپ میں پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو خطے میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشنز کی پیشرفت پر جامع بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعلی خیبرپخونخوا بھی موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے فوجیوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا  یہ قربانیاں قومی عزم کی بنیاد ہیں، یہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل جذبے اور لگن کو تحریک دیتی ہیں۔ آرمی چیف کاکہنا تھا  کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے ناپاک ارادوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور سلامتی کے دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گی۔ جنرل عاصم منیر نے دشمن دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے عزم کو دہرایا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دریں اثناء  سیکیورٹی فورسز  کے  خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور بلوچستان کے ضلع آواران، ڈیرہ بگٹی اور کیچ میں خفیہ اطلاع پر الگ الگ  آپریشنز کے دوران 7 خوارج    ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ ،   ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد  کرلیا گیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے پر موثر انداز میں کارروائی کی۔ اس  دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 خوارج  ہلاک ہو گئے جبکہ 2 زخمی ہوئے، آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔  بلوچستان کے  ضلع آواران میں  سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک اور  انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد  ہلاک ہو گئے، دونوں ہائی ویلیو مطلوب دہشت گردوں کی شناخت نیاز عرف گھمن اور ظریف عرف شاہ جہاں کے طور پر ہوئی۔   ضلع ڈیرہ بگٹی میں ایک اور آپریشن کے دوران دہشت گرد مارا گیا جبکہ ضلع کیچ میں بھی  ایک اور کارروائی میں مزید ایک اور دہشت گرد ہلاک ہوا۔ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔)صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے  خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں  دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش  کیا  ہے