بچی کا نکاح 4 اکتوبر کو پڑھایا گیا تھا، کم عمری کی شادی قانوناً جرم ہے:ڈی آئی جی فیصل
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں کم عمر بچی کی شادی کی تقریب پولیس نے رکوا دی۔ پولیس کے مطابق مقامی ہال میں شادی کی تقریب جاری تھی جہاں 13 سالہ بچی کی رخصتی کی جا رہی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کا نکاح 4 اکتوبر کو پڑھایا گیا تھا۔ دولہا سبط الحسن اور بچی کے والد سبطین سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ملزمان کے خلاف تھانہ لیاقت آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔لیاقت آباد پولیس نے کم عمر بچی کی شادی کی تقریب پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دولہا اور بچی کے والد سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق لیاقت آباد پولیس نے 15 کی کال پر فوری رسپانس دیتے ہوئے مدینہ شادی ہال کشمیری محلہ میں جاری 13 سالہ بچی کی رخصتی کی تقریب رکوا دی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ بچی کا نکاح 4 اکتوبر کو پڑھایا گیا تھا جبکہ 8 نومبر کو رخصتی کی تقریب منعقد کی جا رہی تھی اس دوران پولیس نے دولہا سبط الحسن اور بچی کے والد سبطین اور تقریب میں شریک مزید چار افراد کو گرفتار کر کے ملزمان کے خلاف تھانہ لیاقت آباد میں مقدمہ نمبر 2533/26 درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا ہے کہ کم عمری کی شادی قانوناً جرم ہے، بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ کم عمر بچوں کی شادی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ بچوں کے حقوق کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔