شادی کی تقریب جاری تھی ، پہلی بیوی ریشما خاندان کے ساتھ اسٹیج پر آدھمکی
ریشما نے شادی میں شریک مہمانوں کو ونے کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر بھی دکھائیں
پولیس دونوں فریقین کو تھانے لے گئی، طلاق کیس کی وجہ سے شادی کا معاملہ لٹک گیا
نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں ایک شخص کی دوسری شادی کی تقریب میں پہلی بیوی نے اسٹیج پر چڑھ کر ہنگامہ کھڑا کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حیران کن واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بستی میں رواں ہفتے ہی پیش آیا، جہاں ونے آنند شرما نامی شخص کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ اسی دوران ونے کی پہلی بیوی ریشما اپنے خاندان کے ساتھ اسٹیج پر آدھمکی۔ریشما کا ونے پر الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ونے قانونی طور پر اس کا شوہر ہے لیکن اس کے باوجود دوسری شادی کر رہا ہے، ریشما نے شادی میں شریک مہمانوں کو ونے کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر بھی دکھائیں اور دعوی کیا کہ ونے نے اس کے اکانٹ سے بڑی رقم نکالی ہوئی ہے شادی کی تقریب میں ہونے والے ہنگامے کی اطلاع جب پولیس کو دی گئی تو پولیس دلہا سمیت دونوں فریقین کو تھانے لے گئی۔پولیس کے مطابق ونے کی پہلی اہلیہ کی جانب سے دائر طلاق کا کیس ابھی زیر التوا ہے، جس کے باعث ونے کی دوسری شادی کا معاملہ بھی پہلی شادی کے ختم ہونے تک لٹک گیا۔