سٹریٹ کریمنلز، نقب زنوں اور موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ایس پی بلال
لاہور (کرائم رپورٹر)ایس پی سٹی بلال احمد کی زیر صدارت ایس ایچ اوز اور چوکی انچارجز سٹی ڈویڑن کا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں رواں ماہ کے کرائم اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیااجلاس میں ایس پی سٹی نے افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنایا جائے، 15 کی کال پر فوری ریسپانس اور پٹرولنگ سسٹم میں بہتری لائی جائیایس پی سٹی بلال احمد نے کہا کہ مفرور اشتہاریوں اور عادی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مقررہ ٹارگٹس ہر صورت مکمل کیے جائیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ امن و امان کے قیام اور عوام الناس کی مدد کے لیے ہر وقت تیار رہیں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ سٹریٹ کریمنلز، نقب زنوں اور موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ایس پی سٹی نے واضح کیا کہ جرائم کا خاتمہ اور پولیس کارکردگی میں بہتری ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی، قمار بازی اور قحبہ خانوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھی جائے، جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ایس پی بلال احمد نے افسران کو ہدایت دی کہ اپنے اپنے علاقوں میں کرایہ داروں کا مکمل اندراج یقینی بنائیں، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔تھانوں کی صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو پولیس سروسز سے بہتر طور پر مستفید کیا جا سکے۔آخر میں ایس پی سٹی بلال احمد نے افسران پر زور دیا کہ وہ محنت، ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں تاکہ سٹی ڈویڑن میں جرائم کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔