مالی سال کے پہلے 3 ماہ میں نان ٹیکس ریونیو سے حاصل آمدن کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق، رواں مالی سال کے لیے نان ٹیکس ریونیو کا مجموعی ہدف 5,147 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے 3 ماہ میں ہی نان ٹیکس آمدن 3,046 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، جو پچھلے سال اسی مدت میں 3,051 ارب روپے تھی، یعنی تقریباً برابری۔رپورٹ کے مطابق، پیٹرولیم لیوی سے حاصل آمدن میں تقریباً 110 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے تحت جولائی سے ستمبر تک 371 ارب 60 کروڑ روپے وصول کیے گئے، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 261 ارب 68 کروڑ روپے وصول کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ، کاربن لیوی کی مد میں 10 ارب 19 کروڑ روپے وصول ہوئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق، اس مدت میں اسٹیٹ بینک کا منافع 2,428 ارب روپے رہا۔ دیگر وصولیوں میں پاسپورٹ فیس سے 14 ارب روپے، گیس سرچارج سے 7 ارب 94 کروڑ روپے، اور سرکاری اداروں سے مارک اپ کے ذریعے 27 ارب روپے سے زائد رقم وصول کی گئی ہے۔ اس میں تیل و گیس کی رائلٹی، پیٹرولیم لیوی، اور گیس ڈیویلپمنٹ سیس شامل ہیں۔