پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے موقع پر کم آمدن والے افراد کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ صوبے میں 45 ہزار روپے سے کم ماہانہ آمدن رکھنے والے افراد کے لیے 47 ارب روپے مالیت کا “نگہبان رمضان پیکیج” متعارف کرایا گیا ہے، جس سے تقریباً 42 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔عظمیٰ بخاری کے مطابق رمضان المبارک سے پانچ روز قبل خصوصی رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے، جہاں آٹا، چاول، گھی، چینی، دالیں اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کنٹرول ریٹس پر دستیاب ہوں گی تاکہ مہنگائی کے اثرات کم کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر راشن کارڈز کے ذریعے ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے تک مالی امداد فراہم کی جائے گی، تاکہ غریب اور متوسط طبقہ باعزت طریقے سے رمضان کی ضروریات پوری کر سکے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔نگہبان رمضان پیکیج کو پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں عوامی سہولت کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس سے کم آمدن والے افراد کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔