ویب ڈیسک: پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت حالیہ کارروائی میں بھارت کی مزید پانچ چیک پوسٹس مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں۔
فوجی ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کے جواب میں ربتانوالی پوسٹ، جزیرہ پوسٹ کمپلیکس، کافر مہری، شاہپر 3 اور غدر ٹاپ کو نشانہ بنایا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں اور دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔پاک فوج کی جانب سے کی گئی کارروائیاں منظم، بروقت اور دشمن کی فوجی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے کی گئیں۔ عسکری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے پوری طرح مستعد اور تیار ہیں، اور کسی بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے ایل او سی پر متعدد بار بلااشتعال فائرنگ اور ڈرون حملے کیے گئے، جن کے جواب میں پاکستان نے ’بنیان مرصوص‘ آپریشن کے تحت نہ صرف بھرپور جوابی کارروائیاں کیں بلکہ دنیا کو شواہد بھی فراہم کیے کہ جارحیت کس جانب سے ہو رہی ہے۔فوجی حکام نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ افواج پاکستان پر اعتماد رکھیں اور صرف مصدقہ ذرائع سے حاصل کردہ اطلاعات پر یقین کریں۔