اسلام آباد: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھاری گولہ باری اور بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 5 پاکستانی شہری شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کے بعد، جس نے ایل او سی پر شکست کھائی، اس نے سول آبادی کو نشانہ بنانا شروع کیا۔ بھارتی فوج نے ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ کے علاقوں میں شہری آبادی کو گولہ باری کا نشانہ بنایا۔پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کی متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔ کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ، بٹالین ہیڈکوارٹر سوجی، اور پیر کانتھی سیکٹر میں جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ ان کارروائیوں میں بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ، حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر پوسٹ اور پوکران مارٹر بگھسر پوسٹ سمیت کئی اہم پوسٹیں تباہ کر دی گئیں۔
پاک فوج کی جوابی کارروائی کے دوران بھارتی توپوں کی آواز خاموش ہوگئی، اور دشمن نے مزید کسی جارحیت کا مظاہرہ نہیں کیا۔ پاکستانی فوج نے اپنی پوزیشن مستحکم رکھتے ہوئے بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹر کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔یہ کارروائیاں بھارت کے غیر ذمہ دارانہ فوجی رویے کا واضح جواب ہیں، اور پاکستان کی طرف سے ایل او سی پر بھارت کی مسلسل جارحیت کے خلاف موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔