صنم جاوید کو سڑک بلاک کرنے کے کیس میں ضمانت مل گئی

صنم جاوید کو سڑک بلاک کرنے کے کیس میں ضمانت مل گئی

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت سے صنم جاوید کو احتجاجی مقدمے میں ضمانت مل گئی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (ATC) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی ہے۔ یہ فیصلہ جمعہ کو عدالت کے جج عرفان حیدر نے سنایا۔صنم جاوید پر الزام تھا کہ انہوں نے 8 فروری کو سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا، جس پر تھانہ اسلام پورہ پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض صنم جاوید کی ضمانت منظور کی۔دوران سماعت، صنم جاوید کی جانب سے وکیل میاں علی اشفاق نے دلائل پیش کیے۔

 وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ صنم جاوید کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔یاد رہے کہ صنم جاوید کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں، جن میں بیشتر کا تعلق 9 مئی کے واقعات اور سیاسی احتجاج سے ہے۔ اس مقدمے میں ضمانت ملنے کے بعد ان کی رہائی کی راہ کچھ حد تک ہموار ہوئی ہے، تاہم باقی مقدمات میں بھی عدالتی فیصلوں کا انتظار ہے۔