لاہور: فلک جاوید اور صنم جاوید کے خلاف مبینہ ریاست مخالف ٹویٹس سے متعلق مقدمے کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت صنم جاوید کو ایک بار پھر جیل سے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جبکہ شریک ملزمہ فلک جاوید عدالت میں پیش ہوئیں۔سماعت کے دوران فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت جیل میں کی جائے۔عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ جیل میں ٹرائل کرانے کا اختیار ہوم ڈیپارٹمنٹ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، اس لیے اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ سے رجوع کیا جائے۔عدالت کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے اس مقدمے میں فلک جاوید اور صنم جاوید کے خلاف چالان پہلے ہی جمع کرا چکی ہے، جس پر آئندہ سماعت کے موقع پر مزید کارروائی کی جائے گی۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔