ہائی کورٹ نے صنم جاوید اور ثریا بی بی کو 10 دسمبر تک حفاظتی ضمانت دے دی

ہائی کورٹ نے صنم جاوید اور ثریا بی بی کو 10 دسمبر تک حفاظتی ضمانت دے دی

ویب ڈیسک:لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید اور صوبائی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کو 10 دسمبر تک حفاظتی ضمانت دے دی۔

 دونوں رہنماؤں کے خلاف مختلف مقدمات درج کیے گئے تھے اور ان کے خلاف گرفتاری کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔یہ فیصلہ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیا۔ عدالت نے دونوں درخواست گزاروں کو اس دوران گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کیا۔سماعت کے دوران، درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں، مگر ان کا علم نہیں ہے کہ کون سے تھانے میں کیس درج کیا گیا ہے۔ وکیل نے مزید کہا کہ دونوں خواتین گزشتہ کچھ عرصے سے بیرون ملک تھیں، جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب خیبرپختونخوا کی طرف سے درخواست گزاروں کے خلاف کوئی کیس درج نہیں ہے۔ تاہم، نیب اسلام آباد کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا سکیں۔ عدالت نے اس پر حکم دیا کہ وفاقی حکومت آئندہ سماعت پر مقدمات سے متعلق رپورٹ جمع کرائے۔عدالت نے اس بات پر بھی غور کیا کہ نیب کے کیسز میں فریقین کی واضح صورتحال نہیں ہے اور اس حوالے سے عدالت نے مزید کارروائی کے لیے 10 دسمبر تک سماعت ملتوی کر دی۔