شیخوپورہ میں فیکٹری مزدوروں کو کم اجرت دینے کا انکشاف

 37ہزار کی بجائے 20 سے 25 ہزار تنخواہ ،12 گھنٹے ڈیوٹی بھی لی جارہی
شیخوپورہ(خصوصی رپورٹ) شیخوپورہ کی فیکٹریوں ، کارخانوں اور مختلف یونٹس میں مزدوروں کو کم اجرت دینے کا انکشاف محکمہ لیبر کے افسران کی چشم پوشی کی بناء￿  پر ان یونٹس کے مالکان بڑی دیدہ دلیری سے حکومت کی طرف مقررہ کردہ 37ہزار روپے تنخواہ کی بجائے 20 سے 25 ہزار روپے دینے کے علاوہ 12 گھنٹے کے قریب ڈیوٹی بھی لے رہے ہیں جبکہ سوشل سیکورٹی اور آی او بی آئی کے محکمے بھی لمبی تان کر سو گئے ہیں فیکٹریوں میں سینکڑوں مزدور کام کررہے ہیں مگر چند درجن کے قریب مزدوروں کی رجسٹریشن کرکے باقی ’’مک مکا‘‘ کے زمرے میں لاکر مزدوروں کا استحصال کررہے ہیں ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر کو دی جانیوالی تحریری درخواست میں انکشاف کیا گیاہے کہ شیخوپورہ کی مختلف فیکٹریوں،کارخانو ں اور یونٹس میں کام کرنیوالے مزدوروں کو حکومت کی طرف سے مقرر کردہ تنخواہ کی بجائے انتہائی کم تنخواہ اور 12گھنٹے ڈیوٹی لی جارہی ہے ان فیکٹریوں،کارخانوں میں کام کرنیوالے مزدور فیکٹری مالکان ،منیجرز اور دیگر بااثر افراد کی طرف سے انتقامی کارروائی اور نوکری سے نکال دینے کے خوف سے احتجاج سے بھی قاصر ہیں تحریری شکایت میں واضح طور پر نورانی مل میں کام کرنیوالے مزدوروں کا بطور خاص ذکر کیا گیا ہے رابطہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر نے بتایا کہ لیبر انسپکٹرز اور دیگر عملہ بڑی تندہی سے کام کررہا ہے کمی کوتاہی رہ جاتی ہے جس کو پوراکرلیا جائیگا۔