مزدوروں کو اب اجرت براہ راست موبائل بینکنگ اکائونٹ میں ملے گی جبکہ تصدیق ایس ایم ایس اور بائیو میٹرک کے ذریعے ہوگی
شفافیت وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشن ،اقدام اس وژن کی عملی تعبیر ، نظام مزدور طبقے کا اعتماد بحال کریگا،مالی تحفظ فراہم کرے گا، مریم اورنگزیب
لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محکمہ جنگلات میں اجرتوں کی ادائیگی میں شفافیت کے لیے جدید برانچ لیس بینکاری نظام نافذ کر دیا۔وزیراعلی مریم نواز نے 100 سالہ پرانا نظام ختم کر کے یومیہ اجرت پر جنگلوں میں کام کرنے والے محنتی مزدوروں کے لیے جدید، محفوظ اور باعزت ادائیگی نظام متعارف کروا دیا۔یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو اب اجرت براہ راست موبائل بینکنگ اکائونٹ میں ملے گی جبکہ تصدیق ایس ایم ایس اور بائیو میٹرک کے ذریعے ہوگی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شفافیت وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشن ہے، محکمہ جنگلات کا اقدام اس وژن کی عملی تعبیر ہے۔ ہر سرکاری ادائیگی کے نظام میں شفافیت اور انصاف کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ نقدی نظام میں موجود بدعنوانی، تاخیر اور کٹوتی جیسے مسائل اب ماضی کا قصہ بن چکے ہیں۔محکمہ جنگلات اور پنجاب بینک کے باہمی اشتراک سے برانچ لیس بینکاری کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ محکمہ جنگلات کا یہ منفرد قدم عالمی معیار کی گڈ گورننس اور مالی شفافیت کی جانب انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ یہ نظام مزدور طبقے کا اعتماد بحال کرے گا اور انہیں مالی تحفظ فراہم کرے گا۔ ہم ہر شعبے میں ٹیکنالوجی، شفافیت اور عوامی بھلائی کو ترجیح دے رہے ہیں محکمہ جنگلات نے ایک مثال قائم کر دی۔