بلاول بھٹو منصوبے پر وفاقی حکومت سے احتجاج کررہے ہیں، صدرپی پی پی سندھ کاافطارڈنر سے خطاب
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور صوبائی صدر سندھ نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف احتجاج جاری رہنا چاہیے، ہم نئی نہریں نکالنے کے خلاف ہیں۔کراچی کے نیشنل انسٹیٹوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں پیپلزپیرامیڈیکل ونگ سندھ کی جانب سے منعقدہ افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کے وفاقی حکومت کے مجوزہ منصوبے کے خلاف ہیں اور یہ منصوبہ کسی بھی صورت میں قبول نہیں ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اس منصوبے پر وفاقی حکومت سے احتجاج کررہے ہیں۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ حکومت میں پیپلزپارٹی موجود نہیں ہے، حکومت مسلم لیگ ( ن ) کی ہے، نہروں کے مجوزہ منصوبے کے خلاف سیاسی، سماجی تنظیموں کا احتجاج عوام کی آواز ہے جس پر وفاقی حکومت کو توجہ دینی چاہیے اور یہ منصوبہ منسوخ کیا جانا چاہیے۔ ان کاکہنا تھا کہ جب نہری نظام میں پانی ہی نہیں ہے تو نئی نہروں کے لیے پانی کہاں سے آئے گا۔