کراچی(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی کالاباغ ڈیم بنانے کی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے اس کی سخت مخالفت کردی۔پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کالا باغ ڈیم بنانے کی تجویز پر اہم بیان میں کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا صوبے کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرچکے ہیں، جس خیبرپختونخوا صوبے کی اسمبلی کالاباغ ڈیم کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ہے اس صوبے کا وزیراعلیٰ کالاباغ ڈیم کی حمایت میں بات کرکے ایوان کی توہین کر رہے ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو سیاست سیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ انہیں کالاباغ ڈیم کی حمایت سے قبل سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے، علی امین گنڈاپور کو کالاباغ ڈیم کے خلاف قرارداد کی منظوری کا پتہ ہی نہیں شاید اس وقت وہ سیاست میں بھی نہیں تھے۔ کالاباغ ڈیم سندھ کو بنجر بنانے اور ہمیں بھوکا مارنے کا منصوبہ ہے، کالاباغ ڈیم کی حمایت کرنے سے اب پی ٹی آئی کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔