راولپنڈی/اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں موٹر سائیکل پر خطرناک ون ویلنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
ویڈیو میں ایک موٹر سائیکل سوار کو لڑکی کو فرنٹ موٹر گارڈ پر بٹھا کر انتہائی خطرناک انداز میں ون ویلنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ لڑکی بھی اگلے حصے پر بیٹھی ہوئی ہے اور دونوں ہاتھوں سے ہینڈل تھامے ہوئے نظر آتی ہے، جبکہ دورانِ ون ویلنگ وہ اشارے بھی کرتی دکھائی دیتی ہے۔منظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل ایک ٹائر پر توازن برقرار رکھتے ہوئے طویل فاصلے تک چلائی جا رہی ہے، جبکہ اردگرد دیگر موٹر سائیکل سوار بھی موجود ہیں۔ مصروف سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت کے دوران یہ خطرناک اسٹنٹ حادثے کا باعث بن سکتا تھا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل کا نمبر ٹریس کر لیا گیا ہے اور سوار کی شناخت بھی ہو چکی ہے، تاہم وہ اس وقت شہر سے باہر ہے۔اسلام آباد پولیس کے ایس ایچ او لوئی بھیر کے مطابق ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متعلقہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ملزم تک پہنچا جا سکے۔