وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انیشی ایٹو ’شی تھریڈز‘ کے لیے 310 ملین روپے کا بجٹ مختص کر دیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے شروع کیا گیا ہے۔شی تھریڈز پروگرام کے تحت، صوبہ بھر کے دیہات سے تعلق رکھنے والی 18 سے 45 سال عمر کی مڈل پاس خواتین حصہ لے سکتی ہیں۔ پروگرام میں شامل خواتین کو تربیت کے دوران ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ اور ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی دیا جائے گا۔اس منصوبے کے تحت، دیہی خواتین کے لیے ٹیکسٹائل سیکٹر کے 10 مختلف تربیتی کورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔ لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں یہ ٹریننگ کورسز کامیابی سے جاری ہیں۔ گزشتہ 2 سال میں، 2,500 خواتین نے یہ تربیت مکمل کی ہے، جن میں سے 773 خواتین کو تربیت مکمل کرنے کے فوراً بعد ملازمت بھی ملی ہے۔
اس وقت، 1,150 خواتین کی ٹیکسٹائل ٹریننگ جاری ہے، اور آئندہ سال مزید 1,350 خواتین کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیتی پروگرام میں انڈسٹریل اسٹیچنگ مشین آپریٹر، فیبرک کوالٹی انسپکٹر، فیبرک کٹنگ ایکسپرٹ، اپیریل پلاننگ، مرچنڈائزنگ، پیٹرن میکنگ، کوالٹی کنٹرول، گارمنٹ فنشنگ، پیکر اور ویکسنگ جیسے کورسز شامل ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر خاتون کو مالی طور پر خودمختار اور بااختیار بنانا حکومت کا عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنرمند خواتین ایک قیمتی قومی اثاثہ ہیں اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں ہنرمند خواتین کے لیے بے پناہ روزگار کے مواقع موجود ہیں۔