وزیراعلیٰ پنجاب کا دیہی خواتین کے روزگار کے لیے منصوبہ، رجسٹریشن شروع

وزیراعلیٰ پنجاب کا دیہی خواتین کے روزگار کے لیے منصوبہ، رجسٹریشن شروع

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کو ہنرمند بنانے اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ’’شی تھریڈ‘‘ کے نام سے ٹیکسٹائل ٹریننگ پروگرام تیار کر لیا ہے۔

 منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 1150 دیہی خواتین کو ٹیکسٹائل کے شعبے میں تربیت دے کر برسر روزگار بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ نے جون تک تربیت حاصل کرنے والی خواتین کی تعداد 2500 تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔’’شی تھریڈ‘‘ پروگرام کے تحت منتخب خواتین کو ٹیکسٹائل ٹریننگ کے دوران ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ تربیتی کورس مکمل کرنے کے بعد خواتین کو ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ وہ معاشی طور پر خودمختار ہو سکیں۔محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام اس پروگرام کے تحت لاہور کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ پروگرام میں خواتین کو انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اور اپیرل سپروائزر کی تربیت دی جائے گی۔ٹریننگ کے لیے لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹری میں انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں تین ماہ پر مشتمل تربیتی کورس کروایا جائے گا۔ اس دوران کلاس روم تدریس کے ساتھ عملی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ خواتین صنعتی ماحول میں کام کرنے کے لیے ضروری مہارت حاصل کر سکیں۔

اہلیت اور رجسٹریشن کا طریقہ

پروگرام میں درخواست دینے کے لیے خواتین کی عمر 18 سے 45 سال کے درمیان ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کے پاس پنجاب کا رہائشی ڈومیسائل اور کم از کم میٹرک کی تعلیمی قابلیت بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔خواہشمند خواتین قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے ہمراہ شاہکام انڈسٹریز میں درخواست جمع کروا سکتی ہیں۔ ابتدائی جانچ پڑتال اور اہلیت کی تصدیق کے بعد داخلے سے قبل امیدواروں کو حلف نامہ بھی جمع کروانا ہوگا۔رجسٹریشن اور پروگرام سے متعلق مزید معلومات کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسل سیکرٹریز اور متعلقہ ضلعی دفاتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔