اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی صنعتی ترقی اور کاروباری ماحول کو مستحکم بنانے کے لیے اہم اعلان کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معروف ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں ہر یونٹ پر 4 روپے 4 پیسے کی کمی کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا بنیادی کردار خود کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صنعتی ترقی کے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی اور اس لیے ایسے فیصلے کیے جا رہے ہیں جو صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کریں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ معیشت کو گروتھ کی راہ پر ڈالنا ناگزیر ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لیے تاجر اور صنعتکاروں کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت معاشی پالیسیوں کی تیاری میں کاروباری برادری سے مسلسل مشاورت کرے گی تاکہ فیصلے زمینی حقائق کے مطابق ہوں۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی کے مثبت اثرات معیشت اور کاروباری ماحول پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے اور بجلی کی قیمت میں کمی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ صنعتی شعبہ مضبوط ہو اور قومی معیشت کو تقویت مل سکے۔