لاہور (کرائم رپورٹر) قرطبہ سے جانب صنم یوٹرن پر پانی کی بوتلوں سے لدی ایک مزدا گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود پانی کی بوتلیں سڑک پر گر گئیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حادثہ یوٹرن لیتے وقت پیش آیا، جس سے ایل او ایس کی جانب قرطبہ جانے والی اوپر والی لین میں پانی کی بوتلیں بکھر گئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے سڑک کو کلیئر کرا دیا، جبکہ گرنے والی بوتلوں کو سڑک کے کنارے منتقل کر کے مین روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق قرطبہ کی جانب اوپر والی لین میں ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ مزدا گاڑی پر دوبارہ لوڈنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ تاہم صنم یوٹرن سے جانب قرطبہ صرف یوٹرن کو عارضی طور پر بند رکھا گیا ہے، جبکہ دیگر ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔