میری مجبوریاں مجھے کھینچ کر سڑک پہ لے آئی ہیں اور میں یہاں دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں بیچ رہی ہوں،اداکارہ کی گفتگو
کوئٹہ (شوبز ڈیسک) ٹی وی اور سٹیج اداکارہ مسکان ملک کسمپرسی کا شکار ‘ سڑک کنارے دودھ کی بوتلیں فروخت کرنے پر مجبور ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق بے روزگاری اور معاشی مشکلات کی شکار مسکان گزر بسر کے لیے وہ کوئٹہ میں سڑک کنارے دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔شہرت اور روشنیوں سے دور مسکان ملک آج بیمار شوہر اور خاندان کی کفالت کے لیے سڑک کنارے دودھ کی بوتلیں فروخت کر رہی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ میری مجبوریاں مجھے کھینچ کر سڑک پہ لے آئی ہیں اور میں یہاں دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں بیچ رہی ہوں، میں نے اپنے فنکار ہونے سے انکار ابھی تک نہیں کیا ہاں میں اسی انتظار میں بیٹھی ہوں کہ مجھے کام ملے گا اور میں کام کروں گی۔واضح رہے کہ مسکان ملک نے 13 سال کی عمر میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا، انہوں نے متعدد ٹی وی ڈراموں اور اسٹیج پر اداکاری کے جوہر دکھائے۔مسکان ملک کو حکومتی آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ سے ماہانہ 10 ہزار روپے ملتے ہیں، عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ ایسے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔