لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر ہربنس پورہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے متحرک موٹر سائیکل چور گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے عرفان عرف فانی گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں گینگ کا سرغنہ عرفان عرف فانی، مبین اور عظیم شامل ہیں۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو مسروقہ موٹر سائیکلیں، نقدی، ماسٹر چابیاں، تین پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ برآمد ہونے والی موٹر سائیکلیں مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ مختلف علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ اور گلی محلوں میں بغیر لاک کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کرکے فرار ہو جاتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا ہے اور مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ اختر نواز نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ متحرک موٹر سائیکل چور گینگز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔