لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی خصوصی ہدایات پر ڈولفن سکواڈ نے بین الاضلاعی اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈا ئون کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق گرفتار ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں میں دورانِ چیکنگ مشکوک جانتے ہوئے روکا گیا، اور ای پولیس ایپ پر تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ یہ ملزمان مختلف مالیاتی جرائم اور فراڈ کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان میں عثمان، کرامت، صفدر اور دیگر شامل ہیں، جو ننکانہ صاحب، جھنگ، گجرات اور لاہور پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور میں روپوش تھے۔ ترجمان کے مطابق ان کے خلاف مذکورہ اضلاع میں مقدمات درج ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے انہیں متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ فراڈ اور مالی بدعنوانی کے ذریعے شہریوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔