لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور اور اسلام آباد پولیس کو مختلف تھانوں میں مالی فراڈ کے درجنوں مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم کو مجاہد سکواڈ نے گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق مجاہد سکواڈ نے ناکہ این ایل سی پر کارروائی کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے ملزم ہارون کو ای پولیس پوسٹ ایپ کی مدد سے حراست میں لیا۔ ملزم گزشتہ چھ سال سے پولیس کو مطلوب تھا اور اس کے خلاف لاہور اور اسلام آباد کے پانچ تھانوں میں مالی جرائم کے مقدمات درج ہیں۔ ملزم پر شہریوں سے لین دین کے دوران بوگس چیک دے کر رقوم ہتھیانے کا الزام ہے۔ گرفتار ملزم کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ چوہنگ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ پولیس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ مالی جرائم میں مطلوب اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا۔ ای پولیس ایپ کی مدد سے متعدد اشتہاریوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا چکا ہے۔