مالی جرائم کے مقدمات میں مطلوب 3 اشتہاری گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن سکواڈ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد پولیس کو مالی جرائم کے مقدمات میں مطلوب تین اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان کو فیروزپور روڈ پر زمان پارک کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ ای پولیس ایپ کے ذریعے جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ ملزمان عامر، وقاص اور انتظار جعلی چیک اور فراڈ کے مقدمات میں گزشتہ سات سال سے اشتہاری تھے۔گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جن میں تھانہ ریس کورس اور نشتر ٹاؤن پولیس شامل ہیں۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، بین الصوبائی جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔