4 رکنی بلی ڈکیت گینگ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا

لاہور (کرائم رپورٹر) ریس کورس پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ یافتہ 4 رکنی بلّی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان منصوبہ بندی کے تحت گھروں اور دکانوں پر ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے اور اسلحہ کے زور پر شہریوں سے نقدی، موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں چھین لیتے تھے۔ ایس پی سول لائنز کے مطابق ریس کورس پولیس کی خصوصی ٹیم نے علاقے میں سرچ آپریشنز کے دوران ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں شکیل عرف بلّی، کبیر، یعقوب اور ارسلان شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 موٹرسائیکلیں، ایل سی ڈی، لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور ایک پستول بمعہ گولیاں بر آمد کر لی ہیں، جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، اور انہوں نے ایس ایچ او ریس کورس اور کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔