جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے نوجوان مارا گیا تھا،پولیس نے ملزم دھر لئے
لاہور (کرائم رپورٹر) کاہنہ پولیس نے غیرت کے نام پر قتل کے مقدمے میں خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو الفضل سٹی، شہزادہ روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع 15 کال پر موصول ہونے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ ایس پی ماڈل ٹا ئون اسد علی کے مطابق گزشتہ رات مقتول محسن اور ملزمان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں جھگڑے میں تبدیل ہو گئی، جس دوران مرکزی ملزم غلام اکبر نے طیش میں آ کر مقتول پر چھری کے وار کیے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی محسن کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول کے ملزمہ شازیہ بی بی سے تعلقات تھے جس پر ملزمان نے اعتراض کیا تھا۔ گرفتار ہونے والوں میں غلام اکبر، شازیہ بی بی اور عمران شامل ہیں، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹا ئون اسد علی کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔