عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک بھر سے 6 لاکھ 52 ہزار 595 سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کیا، تاکہ شدید گرمی سے بچ کر قدرتی ٹھنڈک اور خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں۔
ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ رش صوبے کے مشہور سیاحتی مقامات گلیات، ناران کاغان، مالم جبہ (سوات) اور دیر اپر میں دیکھنے میں آیا۔
گلیات میں 1 لاکھ 77 ہزار 500
ناران کاغان میں 1 لاکھ 68 ہزار
مالم جبہ میں 1 لاکھ 60 ہزار
جبکہ دیر اپر میں 85 ہزار سیاحوں نے عید کی تعطیلات گزاریں۔
ترجمان ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی خصوصی ہدایات پر سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی نگرانی میں تمام اداروں نے مربوط انداز میں کام کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹورازم پولیس کے اہلکاروں نے پیشہ ورانہ انداز میں سیاحوں کی رہنمائی اور حفاظت کی، جبکہ ٹورازم ہیلپ لائن 1422 عید کے دنوں میں بھی چوبیس گھنٹے فعال رہی۔ڈی جی ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت اور تحفظ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، اور ضم شدہ اضلاع میں بھی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ماہرین کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیاحوں کی اتنی بڑی تعداد کا رخ کرنا نہ صرف سیاحت کے فروغ کا ثبوت ہے بلکہ مقامی معیشت کے لیے بھی خوش آئند پیش رفت ہے۔