گرمی کی شدت میں اضافہ؛ ٹھنڈے مشروبات کی طلب میں نمایاں اضافہ

گرمی کی شدت میں اضافہ؛ ٹھنڈے مشروبات کی طلب میں نمایاں اضافہ

ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ ہو گیا ہے، جس نے شہریوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔

 شدید گرمی کے باعث برف اور ٹھنڈے مشروبات کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کارخانوں کے مالکان نے برف کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔جھلسا دینے والی گرمی میں شہری جگہ جگہ روایتی مشروبات سے پیاس بجھاتے نظر آتے ہیں۔ ربڑی دودھ، لسی، ستو، قلفی اور شربت جیسی اشیاء کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔دوسری جانب، بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹوں سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور گھریلو زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم خیبرپختون خوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر جزوی ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق:

آج سے یکم مئی تک سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔27 سے 30 اپریل کے دوران بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختون خوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہے گا۔شدید گرمی اور بجلی کی قلت کے باعث عوام نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انہیں کچھ ریلیف مل سکے۔