پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبے کے مختلف خوبصورت سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پاڈز عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق شاران وادی کاغان، ٹھنڈیانی ایبٹ آباد، بمبوریت کیلاش، یارخون لشٹ اپر چترال، سرلاسپور اپر چترال، گبین جبہ وادی سوات، سلاتن وادی سوات، ملکہ مہابن بونیر، شہید سر بونیر، الائی میدان بٹگرام، یخ تنگئی شانگلہ اور سمانہ اورکزئی جیسے پرفضا علاقوں میں سیاحوں کے لیے آرام دہ اور محفوظ قیام کی سہولت کے لیے کیمپنگ پاڈز تیار کیے گئے ہیں۔اب سیاح قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ جدید سہولیات کا بھی لطف اٹھا سکیں گے، جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت کو بھی سہارا ملے گا۔صوبائی حکومت نے سیاحوں کی سہولت اور سیاحتی مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے ہیں۔