پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہیٹ ویو کا الرٹ جاری، درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع

پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہیٹ ویو کا الرٹ جاری، درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع

ویب ڈیسک: پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے ایام کے دوران شدید گرمی کی توقع کے پیش نظر ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

 پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے 7 سے 12 جون تک درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے اور شدید گرمی کی لہر کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے متوقع ہیٹ ویو کے حوالے سے الرٹ رہیں اور اپنی ہنگامی تیاریوں کو مکمل کریں۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ صحت، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور دیگر محکمے الرٹ رہیں اور عوام کی مدد کے لیے اپنے وسائل کو تیار رکھیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں تیز اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث عوام خصوصاً بزرگ، بچے اور دیگر کمزور طبقات کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، دھوپ سے بچیں اور اپنے اور اپنے پیاروں کی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ضلعی انتظامیہ نے بھی اپنے ہنگامی منصوبے فعال کر دیے ہیں تاکہ گرمی کی شدت کے باعث ممکنہ متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔