ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: پراسیکیوشن کی دو رکنی ٹیم مقرر

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: پراسیکیوشن کی دو رکنی ٹیم مقرر

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں زیرِ سماعت نوجوان ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، فیڈرل پراسیکیوٹر کی جانب سے کیس کی پیروی کے لیے دو رکنی ٹیم مقرر کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ٹیم میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عدنان علی اور راجہ نوید کیانی شامل ہیں۔ دونوں پراسیکیوٹرز کیس کی تحقیقات کے دوران تفتیشی افسر کی معاونت کریں گے اور کیس کے چالان کی تیاری میں قانونی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کی جانچ پڑتال (سکروٹنی) بھی کریں گے۔فیڈرل پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کیس کا مضبوط اور مؤثر قانونی دفاع تیار کرنا ہے تاکہ عدالت میں ٹھوس شواہد پیش کیے جا سکیں۔یاد رہے کہ ثناء یوسف کے قتل نے سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید غم و غصے کو جنم دیا تھا، اور عوام کی جانب سے کیس کی منصفانہ اور مؤثر پیروی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔