عیدالاضحیٰ کے دوران قانون شکنی، ضابطوں کی خلاف ورزی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس نے بھرپور کارروائیاں کیں۔
شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 238 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ 196 مقدمات درج کیے گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق، ون ویلنگ کی خطرناک حرکتوں پر 19 افراد کو حراست میں لے کر 18 مقدمات درج کیے گئے۔ ہوائی فائرنگ میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف 2 مقدمات درج ہوئے۔پتنگ بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد گرفتار کیے گئے اور 4 مقدمات درج کیے گئے۔ غیر قانونی اسلحہ کی نمائش پر 39 افراد کو حراست میں لیا گیا، جب کہ لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3 افراد گرفتار ہوئے۔پولیس کے مطابق، قربانی کی کھالیں بغیر اجازت جمع کرنے پر 55 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 53 مقدمات درج ہوئے۔
سری پائے سڑکوں یا عوامی مقامات پر بھوننے کے عمل پر بھی پولیس نے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 79 افراد گرفتار اور 70 مقدمات درج کیے گئے۔عوامی مقامات پر نہر میں نہانے کی ممانعت کے باوجود 36 افراد کو حراست میں لیا گیا اور 7 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ اور امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی۔