پنجاب پولیس کی جانب سے انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن بدستور جاری ہے، جبکہ مختلف اضلاع میں قانون کی خلاف ورزی پر 193 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے 191 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر منظور شدہ 22 ہزار 755 پتنگیں، 462 دھاتی اور کیمیکل ڈوریں، جبکہ متعدد چرخیاں بھی برآمد کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال اب تک صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگوں کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 4 ہزار 486 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران 3 لاکھ 71 ہزار سے زائد پتنگیں اور 8 ہزار 648 ڈور اور چرخیاں قبضے میں لی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازوں، مینوفیکچررز اور غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے لاہور میں تعینات پولیس افسران کو حکومتی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور پتنگ بازی جیسے جان لیوا عمل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔